خبرنامہ بلوچستان

قطری شہزادوں کو شکار کی اجازت

کوئٹہ (ملت+اے پی پی) بلوچستان کے سینیٹرز ،صوبائی وزرا اور سیاسی رہنمائوں نے صوبے کے علاقے واشک میں وفاقی حکومت کی جانب سے تلور کے شکار کی اجازت دینے کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت عدالتی احکامات کے برعکس صوبے میں قطری شہزادوں کو شکار کی اجازت دے کر صوبے میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کر نے کے لئے حالات کو کشیدگی کی جانب لے جا رہی ہے۔ اگر وفاقی حکومت نے ایک ہفتے کے اندر اندر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر کے ہمارے تحفظات کو دور نہ کیا تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل طے کر تے ہوئے سخت سے سخت اقدامات کرنے سے گریز نہیں کرینگے ان خیالات کا اظہارپیپلز پارٹی کے سینیٹر سردار فتح محمد ،نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی، صوبائی وزرا میر مجیب الرحمان محمد حسنی، نواب محمد خان شاہوانی، عارف جان محمد حسنی نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کی سر پرستی میں رکھے گئے مسلح لوگ زمینوں پر آتے ہیں اور کھڑی اور تیار فصلوں کو روندتے ہوئے شکار کر کے چلے جا تے ہیں ہم بھی بلوچی روایات کے پاسدار اور مہمان نواز ہیں لیکن فصلوں کو برباد ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے دوران ہمارے تحفظات دور نہ کئے گئے تو ہم سخت سے سخت لائحہ عمل طے کرینگے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہو گی ۔