خبرنامہ بلوچستان

قطری شہزادوں کی شکار گاہوں کی الاٹمنٹ منسوخ کی جائے، یار محمد

کوئٹہ:(ملت+اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر یار محمد رند نے اپنے حلقہ انتخاب میں قطری شہزادے کو شکار گاہ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ الاٹمنٹ منسوخ نہ ہونے کی صورت میں دو دن بعد صوبہ بھر میں احتجاج کی کال دیں گے۔ تحریک انصاف بلوچستان کے صدر یار محمد رند پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جان بوجھ کر ضلع بولان کی سب تحصیل سنی شوران میں قطری شہزادے کو شکار گاہ الاٹ کی ہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کو اجازت دلانے میں اہم کردار چیف سیکریٹری بلوچستان کا ہے جب کہ افسوس کا مقام یہ ہے کہ حکومت کو یہ اندازہ بھی نہیں ہے کہ علاقے کے محنت کش اور کسان کتنی بری طرح متاثر ہوں گے۔