خبرنامہ بلوچستان

قطری شہزادے کے قافلے پر حملہ

کوئٹہ: (ملت+اے پی پی)بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل سے کوئٹہ آنیوالے قطر کے شہزادے کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کردیا،فائرنگ کے تبادلے میں ڈی پی اوسمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے ،حملہ آور فرار ہوگئے ،ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل نے حملہ آوروں کے ساتھ آنیوالے ایک رسالدار اور لیویز اہلکار کو معطل کردیا۔ گزشتہ روز قطر کے شہزادے اپنے قافلے کے ہمراہ ضلع موسیٰ خیل میں شکار کیلئے آئے ہوتے تھے ،علاقے میں شدید برفباری اور بارش کی وجہ سے وہ شکار نہ کرسکے اور واپس کوئٹہ جا رہے تھے کہ موسیٰ خیل ٹائون کے قریب 5گاڑیوں میں سوار 25مسلح افراد نے قطر کے شہزادے کے قافلے کا پیچھا کیا بروقت اطلاع ملنے پر ڈی پی او پولیس مجیددستی اور لیویز اہلکار وں نے ا ن کا راستہ روک لیا جس پر مسلح افراد نے فائرنگ کی ،2 لیویز اہلکارگولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جبکہ ڈی پی او بھی معمولی زخمی ہوئے ،زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے ۔ ڈی سی موسیٰ خیل یاسر خان کاکڑ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ لیویز کا رسالدار اور ایک اہلکار بھی مسلح افراد کے ہمراہ تھے جنہیں معطل کردیاگیاہے ۔ضلعی انتظامیہ کے سینئر عہدیدار محمد یاسر نے بتایاکہ حملے میں قطرکے شہزادے محفوظ رہے ،20مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیاہے ۔