خبرنامہ بلوچستان

محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی

چمن-(اے پی پی)چمن میں سرکاری سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کے سلسلے میں یونیسیف اور محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسران،طلباء و طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول سے شروع ہوئی جو شہر کی مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی واپس ماڈل ہائی سکول کے مین گیٹ کے سامنے پہنچ کر ختم ہوگئی ۔ریلی کا مقصد بلوچستان بھر میں سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں داخلہ کروانے کے لئے داخلہ مہم کا آغاز کردیا گیا تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہو۔اس داخلہ مہم کو ہر بچہ سکول میں کا نام دیا گیا ہے۔ ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ ایجوکشن آفیسر ضلع قلعہ عبداللہ چمن فضل الدین نے کی۔ای ڈی او فضل الدین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اس ریلی کا مقصد تمام والدین میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ اپنے اپنے بچوں کو ضرور سکولوں میں داخلہ دلوائیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم و علم سے محروم نہ رہے کیونکہ تعلیم بچوں کا بنیادی حق ہے اور یہ حق دینا ہر والد کا فرض اور ذمہ داری ہے۔ ریلی میں بڑی تعداد میں اساتذہ،بچوں اور افسران نے شرکت کی ۔