خبرنامہ بلوچستان

محکمہ خوراک بلوچستان میں کروڑوں روپے خوردبرد کا انکشاف

کوئٹہ: (ملت+آئی این پی )محکمہ خوراک بلوچستان میں کروڑوں روپے خوردبرد کا انکشاف ہواہے اس سلسلے میں نیب کی جانب سے سابق انچارج پرونشل ریزروو سینٹر (پی آر سی )عنایت اللہ کاکڑ کے خلافف ریفرنس احتساب عدالت ون میں جمع کرادیا گیاجس سے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور نیب حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کریں ،نیب کی جانب سے دائرکردہ ریفرنس میں کہاگیاکہ سابق انچارج پرونشل ریزروو سینٹر (پی آر سی )سریاب عنایت اللہ کاکڑ کی دوران تعیناتی سینٹر سے گندم کی ہزاروں بوریاں غائب ہونے کاانکشاف ہوا جس پر نیب کی جانب سے تحقیقات کی گئی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ گندم کی 72ہزار 425بوریاں غائب ہوئی ہیں جن کی مالیت 27کروڑ10لاکھ 70ہزار 893روپے سے زائد بتائی جارہی ہے ،نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے ریفرنس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم عنایت اللہ کاکڑ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے اور ہدایت کی کہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیاجائے ،کیس کی اگلی سماعت 9جنوری کو ہوگی ۔