خبرنامہ بلوچستان

مردم شماری بلوچ قوم کے بقاء کا مسئلہ ہے: شاہوانی

مستونگ: (ملت+اے پی پی) صوبائی وزیر محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی چیف آف بیرک نواب محمد خان شاہوانی نے کہا ہے کہ مردم شماری بلوچ قوم کے بقاء کا مسئلہ ہے۔ افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری صاف شفاف نہیں ہوگا۔ صوبے نے کئی دہائیوں سے مہمان نوازی کا حق اداکیا اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جائے۔ نیشنل پارٹی بلوچ قوم کی تشخیص پر کوئی آنچ نہیں آنے دیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مستونگ میں مرحوم حاجی شفیع محمد باروزئی، شہید عبدالمطلب ، شہید خادم حسین شاہوانی شہید کامران منان رند کے لواحقین سے اظہار تعزیت فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وڈیرہ سلطان دین شاہوانی، میر نذر جان شاہوانی ، میر مجیب الرحمان ، نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر ماسٹر محمد علی شاہوانی ، عطاء شاہوانی ، علی نواز نذیر بگٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نواب شاہوانی نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی موجودگی میں بلوچستان میں مردم شماری بلوچ قوم کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک سازش ہے۔ جنہیں بلوچ قوم کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ اس سے بھاری تشخص کو شدید خطرات لاحق ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے قبل افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے واپس بھیجا جائے۔ قومی مفادات نیشنل پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ غیر ملکیوں کی موجودگی میں مردم شماری کے نتائج قابل قبول نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی سیاست کی محور عوام کی خدمت ہے۔ بلوچ عوام کی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ ہماری بقاء اسی میں ہے کہ ہم قومی مفادات پر یکجا ہوکر قومی فریضہ نبھائیں۔