خبرنامہ بلوچستان

مردم وخانہ شماری اہم قومی اور ائینی فریضہ ہے عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لیں

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) صوبائی مشیر صنعت و حرفت سردار در محمد ناصر نے کہا ہے کہ مردم وخانہ شماری اہم قومی اور ائینی فریضہ ہے عوام مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔مردم شماری کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے گا ان خیا لات کا اظہا ر انہوں نے میونسپل کمیٹی دکی کے دفتر میں مردم شماری کے حوالے سے منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ مردم شماری میں علاقے کے ہر فردکا اندراج انتہائی اہم ہے تاکہ ہم مستقبل کے تقاضوں کے مطابق پالیسیاں بنا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خانہ ومردم شماری کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے جو کہ انتہائی خوش ائند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں کے کوٹے ،وسائل کی تقسیم اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد بھی مردم شماری کے ذریعے طے کی جاتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ عوام مردم و خانہ شماری ٹیمو ں کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے اپنے اندراج کو یقینی بنائیں ۔مردم شماری ٹیموں کو دور دراز علاقو ں میں موجود منقسم ابادی کی نشاندہی کریں تاکہ کوئی فرد یا گھر اندراج سے رہ نہ جائے۔ سیمینار سے اسسٹنٹ کمشنر دکی میجر(ر) عبدالکبیر زرکون ، چیرمین میونسپل کمیٹی حاجی فتح محمد ناصر انجمن تاجران اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔