خبرنامہ بلوچستان

مستونگ میں مسافر کوچ اور وین میں تصادم، 14 افراد جاں بحق

مستونگ میں مسافر کوچ اور وین میں تصادم، 14 افراد جاں بحق

کوئٹہ(ملت آن لائن)مستونگ کے قریب مسافر کوچ اور وین میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 14 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ کئی مسافر زخمی ہیں۔

مسافر کوچ پکنک منانے کے لیے کوئٹہ سے سبی جارہی تھی کہ ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں بولان روڈ پر مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار بے قابو وین سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں مسافر کوچ میں موجود کئی مسافر شدید زخمی ہوئے۔

حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائی کی جب کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو حکام بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 14 مسافر جاں بحق ہوچکے ہیں اور کئی مسافر زخمی ہیں جنہیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے جب کہ حادثے میں دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ مسافر کوچ میں 20 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے بیشتر نوجوان تھے جب کہ بچے اور خواتین بھی کوچ میں سوار تھیں، حادثے کے بعد مسافر کوچ کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تاہم وین کے مسافر کو کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ مستونگ کے قریب اسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے جب کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔