خبرنامہ بلوچستان

مستونگ میں کومبنگ آپریشن، 27 افراد گرفتار

مستونگ (آئی این پی) سیکورٹی فورسز نے کانک اور مستونگ میں 12 گھنٹے کے دوران کومبنگ آپریشن مکمل کیا ، آپریشن میں کالعدم تنظیم کے 27 افراد گرفتار، زیر حراست افراد کا سانحہ سول ہسپتال میں ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کانک میں سیکورٹی ذرائع اور حساس اداروں نے صبح 4 بجے کومبنگ آپریشن شروع کیا جو 12 گھنٹے میں مکمل کیا گیا ۔ آپریشن کے دوران 27 کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 9 افغان باشندے ہیں ۔ گرفتار افراد کے سانحہ سول ہسپتال میں ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ سرچ آپرشن میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ زیر حراست افراد کو سیکورٹی فورسز نے نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ دوسری طرف حیدرآباد میں پولیس نے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دستی بم اور آتش گیر مادہ بر آمد کر لیا ہے ۔ پولیس نے دہشت گردوں کے قبضے سے گیارہ دستی بم ، چھے کلو آتش گیر مادہ اور ایک ٹی ٹی پسٹل برآمد کر لی ہے ۔ پولیس نے دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں ۔ جبکہ ہنگو کے علاقے ماموں بانڈا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک افغان باشندے کے گھر پر چھاپہ مارا ، کارروائی کے دوران پولیس نے افغان باشندے امین جان کو گرفتار کر لیا جسے دہشت گرد بتایا جاتا ہے ۔ مبینہ دہشت گرد افغان باشندے کے قبضے سے دو کلاشنکوف ، تین رائفلز، چار دستی بم ، دو سیون ایم ایم رائفلز ، پانچ ہزار مختلف قسم کے کارتوس، ایک پستول اور چار خنجر برآمد ہوئے ہیں ۔ ڈی پی او ہنگو شاہ نذر کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گرد کی گرفتاری پولیس کی بڑی گرفتاری ہے۔