خبرنامہ بلوچستان

مشتاق رئیسانی ایف بی آر کے نرغے میں

کوئٹہ:(ملت+اے پی پی) بلوچستان میگا کرپشن کیس میں نیب سے پلی بارگین کرنے والے مشتاق رئیسانی اور سہیل مجید ایف بی آر کے نرغے میں آگئے۔ دونوں ملزمان کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کا نوٹس دے دیا۔ بلوچستان کے مشہور زمانہ میگا کرپشن کیس میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کے خلاف ایف بی آر نے ٹیکسز کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر بلوچستان کی سربراہی میں ٹیم نے سول اسپتال کے جیل وارڈ میں قید دونوں ملزمان کو سنہ 2016 کے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے نوٹسز تھما دیے۔ حکام کے مطابق اثاثہ کی نوعیت جو بھی ہو، ملکیت میں ہونے پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ دونوں ملزمان نے نیب کے سامنے ملکیت میں رہنے والی رقم اور جائیدادوں کا اعتراف کیا جس پر قانون حرکت میں آگیا۔ نوٹسز میں دونوں ملزمان کو 9 جنوری تک ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناکامی کی صورت میں دونوں ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔