خبرنامہ بلوچستان

ملک بھرکی طرح چمن میں یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا

چمن: ( اے پی پی ) ملک بھر کی طرح بلوچستان کے سرحدی شہرچمن میں یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔تفصیلات کے مطابق چمن میں ضلع کی سب سے بڑی تقریب ایف سی قلعہ چمن میں منعقد کی گئی جہاں پر ایف سی چمن کے کمانڈنٹ کرنل واجدعلی ستی نے قومی پرچم کشائی کی اور ضلعی آفیسران کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اوراپنی ملک کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کی بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئی جبکہ ایف سی قلعہ میں پاک فوج کے زیر استعمال جدیدترین اسلحے کے نمائش کا بھی انعقادکیا گیا جس میں سکولوں کے طلباء اور مقامی قبائل نے شرکت کی اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے طلباء اور قبائل کو اسلحہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ،واضح رہے کہ چمن میں مختلف مقامات پر سرکاری و نجی سطح پر تقریبات منعقد ہوئیں جن میں یوم دفاع پاکستان میں مادروطن کے لئے جانیں قربانیں کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔دریں اثناء ایف سی سکول چمن میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ایف سی کمانڈنٹ کرنل واجدعلی ستی ،کرنل محمد عثمان،ڈی پی اؤ چمن ساجدخان اور دیگر آفیسران اور قبائلی رہنماوں نے شرکت کی۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے گئے تھے۔