خبرنامہ بلوچستان

موجودہ حالات میں جمہوریت ہی بہترین نظام ہے

کوئٹہ (ملت + آئی این پی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اراکین صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے مجید خان اچکزئی ،پارٹی کے نامزد امیدوار سردار حبیب الرحمن دومڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جمہوریت ہی بہترین نظام ہے جس کے ذریعے عوام ملک اور صوبے کے جمہوری اداروں میں اپنی رائے سے نمائندے منتخب کرکے اپنے حقوق واختیارات اور ترقی وخوشحالی حاصل کرسکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ جمہوری نظام میں عوام کی رائے اور ووٹ کو انتہائی اہمیت اور طاقت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ اور رائے کا استعمال برادری ، اقرباء پروری ، لالچ اور مراعات کے بجائے قومی سیاسی شعور اور قومی حقوق واختیارات اور ترقی کے حصول کیلئے ہیں اور پشتونخوامیپ کو امید ہے کہ ضلع زیارت کے باشعور عوام 26مارچ کو پارٹی کے نامزد امیدوار سردار حبیب الرحمن دومڑ کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرکے قومی سیاسی شعور کا بھرپور مظاہرہ کرینگے اور رجعتی وگمراہ کن نظریات کو مسترد کرینگے۔وہ پی بی 7کے انتخابی مہم کے سلسلے میں کنوبی غبرگہ ، لونگ آباد سنجاوی ، کلی بیہہ ،کلی پئی ، کلی چوتیر ، کلی سلطانزئی ، کلی تلری ، صالح سخوبی، کالا چینہ، زور کان، تنگیان میں مختلف عوامی اجتماعات اور شمولیتی پروگراموں سے خطاب کررہے تھے۔کلی بیہہ سے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر 10افراد نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اجتماعات سے پارٹی رہنماؤں علاؤالدین کولکوال ،فقیر خوشحال کاسی ،وہاب خان ،ظاہر خان، غلام صدیق ،نور اللہ ، نعمت اللہ متو، نعیم خان،ڈسٹرکٹ کونسل ممبر مہراللہ ، عبدالمجید کاکڑ، ملک حمید ، محب اللہ، احسان اللہ، خالد خان، ملک شیر زمان نے بھی خطاب کےئے ۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتون اس ملک میں وسیع وعریض اور بیش بہا وسائل سے مالا مال سرزمین پشتونخوا کے مالک ہے اور یہ وطن ہمیں کسی نے ہمیں زکوۃ یا خیرات میں نہیں دی بلکہ پشتون غیور ملت کی بیش بہا قربانیوں اور جدوجہد کے ذریعے اس وطن کا دفاع کیا گیا ہے اور فرنگی سمیت تمام قبضہ گر قوتوں کو شکست دی ہے ۔ برصغیر ہند اور پشتونخوا وطن سے فرنگی استعماری قبضے کا خاتمہ اور پاکستان کا قیام بھی پشتونوں کی قربانیوں اور جدوجہد سے ممکن ہوا ۔ لیکن پاکستان کے قیام کے بعدریاست اور اس کے سیاسی اقتدار اور ہمارے تمام وسائل پر پنجاب کے استعماری قوتوں کا قبضہ مسلط ہوکر پشتونوں کو اپنی قومی وحدت ، قومی وسائل پر اختیار اورسیاسی جمہوری وثقافتی حقوق واختیارات سے محروم کرکے فوجی آمریتوں اور مختلف سیاسی آئینی نظام کے تحت پنجاب کے استعماری قوتوں کی استعماری بالادستی کو اب تک مسلط رکھا گیا ہے ۔ اور پشتونوں کی اس ملک میں محکومی ومحرومی اور جبر یہاں تک پہنچی ہے کہ پشتونوں اور پشتونخوا وطن پر دہشتگردی مسلط کرکے سب کچھ تباہ کرنے کے بعد اب پشتونوں کو اس ملک کا شہری تسلیم نہیں کیا جارہا جس کی واضح مثال گزشتہ 2ماہ سے ملک بھر بالخصوص پنجاب اور سندھ میں پشتونوں کیخلاف جاری غیر انسانی اور جابرانہ اقدامات ہے ۔اورریاستی اداروں اور فورسز کا پشتون دشمن طرز عمل ہے ۔جس نے پشتونوں کو اس ملک میں ایک اذیت ناک صورتحال سے دوچار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان قومی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور اذیت ناک صورتحال سے نجات قومی سیاسی اور جمہوری جدوجہد سے ممکن ہے ۔ اور ملک میں پشتونوں پر مسلط اذیت ناک صورتحال اور جبری اقدامات سے پشتونوں کی قومی سیاسی بیداری میں اضافہ ہوگا۔ لہٰذا زیارت اور سنجاوی کے غیور عوام 26مارچ کو پشتونخوامیپ کے نامزد امیدوار سردار حبیب الرحمن خان دومڑ کے حق میں اپنی قیمتی ووٹ دیکر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔