خبرنامہ بلوچستان

موجودہ حالات میں رائیونڈ مارچ کیضرورت نہیں: ملک ظاہرخان کاکڑ

کوئٹہ: ( اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے نائب صدر ملک ظاہر خان کاکڑ نے کہا ہے کہ سیاست برداشت ،تحمل ،اخلاق اور صبروحکمت کا نام ہے ،اس وقت ملک کو قومی یکجہتی ،بھائی چارے اور افہام وتفہیم کی سیاست کی ضرورت ہے ، ایک دوسرے کے موقف کو سننے اور باہمی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،ملک ظاہر خان کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور نریندرمودی کی پاکستان مخالف مہم کے موقع پر رائیونڈ مارچ نہیں بلکہ امن قومی یکجہتی اور اخوت مارچ کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان دشمنوں کو واضح پیغام دیا جائے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی بجائے خیبر پشتونخوا میں اپنے ناراض اراکین اسمبلی کو منانے اور صوبے کے عوام کی تعمیر وترقی پر توجہ دیکر 2018ء کے الیکشن تک انتظار کریں،ملک ظاہر خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن)وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں متحد اور منظم ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں پر امن ،خوشحال تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو تکمیل تک پہنچایا جائے گااور اس ضمن میں پارٹی کارکنوں کے تجاویز اور سفارشات کا خیر مقدم کیا جائے گا۔