خبرنامہ بلوچستان

موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوشاں؛عبدالرحیم زیارت

موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوشاں؛عبدالرحیم زیارت
کو ئٹہ: (ملت آن لائن) صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،طلباء تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اپنی صلاحیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی موجودہ حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں تعلیم کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہاروفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ہائر سیکنڈری اور بی ایس کی کلاسیں شروع کرچکی ہے جو کہ تعلیم کے فروغ اور جدید سائنسی دور سے طلباء کو ہم آہنگ کرنے کیلئے گرانقدر اقدام ہے جس سے صوبے میں پائی جانے والی تعلیمی محرومی کا سدباب ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ اساتذہ کے پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنی ڈیوٹی دیانتداری اور تندہی سے ادا کریں مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی علاوہ ازیں تعلیم کے فروغ اور ترقی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔