خبرنامہ بلوچستان

مون سون کےدوران تمام محکمےالرٹ رہیں: ڈپٹی کمشنرژوب

ژوب: (اے پی پی ) ڈپٹی کمشنر ژوب محمد عظیم کاکڑ نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران تمام محکمے الرٹ رہیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ملازمین کی ڈیوٹی پر موجودگی کو یقینی بنانے کے علاوہ دستیاب مشینری کو تیار رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سرکاری محکموں کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران نے مون سون کے حوالے سے دستیاب وسائل اور اقدامات سے متعلق بریفنگ دی جبکہ ایف سی کے حکام نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔محمد عظیم کاکڑ نے کہا کہ ژوب مون سون بارشوں کی رینج میں ہونے کی وجہ سے یہاں ہر سال بہت زیادہ بارشیں ہوتی ہیں اس دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے ابھی سے تیاری شروع کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری ضروری ہوتی ہے تاکہ بڑے پیمانے پرنقصانات سے علاقے اور عوام کو بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ تو نہیں کیا جا سکتا تاہم بروقت اقدامات سے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے بالخصوص محکمہ صحت ،اریگیشن ،ایم ایم ڈی اور بی اینڈ آر اپنے ملازمین کی ڈیوٹی پر موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے دستیاب مشینری کو مکمل طور پر تیار رکھیں تاکہ بوقت ضرورت کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور غفلت برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔