خبرنامہ بلوچستان

میڈیکل سٹور مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اورارسلاء خان نے ان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کے ادویات فروخت کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ایک میڈیکل سٹور مالک کو 6ماہ قید اور50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی جبکہ ڈرگ کورٹ سے غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کے ایک اور مقدمے میں سزائے یافتہ مفرور ملزم نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر گرفتاری دیدی 2ادویہ ساز کمپنیوں سمیت 4میڈیکل سٹور مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔اس کے علاوہ 10ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ۔گزشتہ روز ہمدر د میڈیکل سٹور پشتون آباد کے مالک خان محمد کو ڈرگ کورٹ نے ان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کے ادویات فروخت کرنے کاالزام ثابت ہونے پر چھ ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ،عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کو مزید دو ماہ قید بھگتنا ہوگی ،سزاسنائے جانے کے بعد ملزم کو جیل منتقل کردیا گیا جبکہ چمن سے تعلق رکھنے والے میڈیکل سٹور کے سزا یافتہ مفرور ملزم ہدایت اللہ نے کونسل سمیت عدالت میں پیش ہوکر گرفتاری دیدی جس سے جیل بھیج دیا گیا،اس کے علاوہ ہمنوا میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم محبوب شاہ ،پنجاب میڈیکل سٹور کے محمد حفیظ خان کھوسہ اور گلزار احمد ،ادویہ ساز کمپنی فرینڈز فارما کی ماریاب ،امارات میڈیسن کے سید محمد مدثر ،امین میڈیکل سٹور کے ظفر خان اور ادویہ ساز کمپنی کے اکبر علی اور صفدر عالم کے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے جبکہ ادویہ ساز کمپنی فرینڈز فارما کی شبانہ ملک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے اس کے علاوہ عدالت نے میڈی پاک کے دو الگ الگ مقدمات میں ملزمان ناصر جاوید، محمد طارق ،طفیل احمد سمیت محب میڈیکل سٹور کے حبیب اللہ ،عبدالرحیم میڈیکل سٹور کے عبدالرحیم ،امین میڈیکل سٹور کے جمعہ رحیم ،اقبال میڈیکل سٹور کے علی احمد ،فرینڈز فارما کمپنی کے محمدظفر ،مسلم یار میڈیکل سٹور کے نصیب اللہ ،پنجاب میڈیکل سٹور کے منظور احمد اور سٹی مارکیٹنگ کمپنی کے ملزمان جاوید اور توفیق پر فرد جرم عائد کردی تو اقبال میڈیکل سٹور کیس کے نامزد ملزم نے لائسنس نہ رکھنے کی حد تک اقبال جرم کیا تاہم مذکورہ ملزم سمیت دیگر تمام نے غیر معیاری ادویات اور دیگر کے الزامات سے انکار کیا جس پر ڈرگ کورٹ نے گواہان استغاثہ کو طلب کرتے ہوئے مقدمات کی سماعت ملتوی کردی ۔