خبرنامہ بلوچستان

میگا کرپشن کیس: عدالت نے3 وعدہ معاف گواہوں کی رہائی کا حکم دےدیا

کوئٹہ: (اے پی پی) نیب کے مطابق، بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی خالق آباد سلیم شاہ، اکاؤنٹنٹ میونسپل کمیٹی خالق آباد ندیم اقبال، ایکس ای این سی اینڈ ڈبلیو طارق علی نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنا جرم تسلیم کر لیا۔ تینوں ملزمان کرپشن سے حاصل کی گئی رقم اور تمام اثاثوں سے دستبردار ہو گئے۔ ملزمان مجسٹریٹ کے سامنے وعدہ معافی گواہ کے طور پر پیش ہوئے اور 164 کا اعترافی بیان قلم بند کرایا جس کے بعد کورٹ نے انکی رہائی کے احکامات جاری کر دیئے۔ ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے تمام سہولت کاروں کے بارے میں بیانات بھی دیئے ہیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے دوران تفتیش سامنے آنے والے حقائق اور معلومات کی روشنی میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی جائیں گی اور میگا کرپشن کیس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔