خبرنامہ بلوچستان

نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کیلئے رائے شماری آج ہوگی

نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب

نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کیلئے رائے شماری آج ہوگی

بلوچستان(ملت آن لائن)نواب ثناء اللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے رائے شماری آج ہوگی، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس صبح 10 بجے کے بجائے ساڑھے 11 بجے ہو گا جبکہ نئے وزیراعلیٰ شام 5 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے باعث اسمبلی آنے والے تمام راستے صبح 8 بجے سے بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے استعفیٰ دے دیا، عبدالرزاق چیمہ نے مزید کہا کہ اہم اجلاس کے لیے اسمبلی کی سیکیورٹی پر پولیس کے 900 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ فرنٹیئر کور کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ اسمبلی میں بغیر شناختی کوائف کے کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے گذشتہ روز کاغذات نامزدگی حاصل کیے اور جمع کرائے گئے جس میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو جبکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سےآغا لیاقت اور عبدالرحیم زیارتوال نے کاغذات جمع کرائے۔ خیال رہے کہ نواب ثناء اللہ زہری نے اپنی ہی جماعت کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی 9 جنوری کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ثناء اللہ زہری نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان خان محمد اچکزئی کو پیش کیا جسے منظور کرتے ہوئے انہوں نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج (13 جنوری) کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔