خبرنامہ بلوچستان

نامعلوم سائیکل سوار شخص نے کھیلتے بچوں کے قریب دستی بم پھنک دیا‘ ایک جاں بحق‘ 2 زخمی

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) کوئٹہ میں دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی برات میں ایک گھر کے سامنے کچھ بچے کھیل رہے تھے کہ ایک نامعلوم سائیکل سوار شخص نے وہاں دستی بم پھینکا اور موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق بچوں کے قریب جاتے ہی دستی بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 3 بچے زخمی ہوگئے۔زخمی بچوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔واقعے کے بعد ریسکیو اہلکار اور پولیس جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔واضح رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں عام شہریوں اور فورسز کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔