خبرنامہ بلوچستان

نوازشریف کے اقتصادی وژن کی بدولت ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے:سردار یعقوب

کوئٹہ:(اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئرنائب صدرسینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہاہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف کے اقتصادی وژن کی بدولت ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقارمیں اضافہ اورغیرملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کوترجیح دے رہی ہیں ۔جمعرات کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹرسرداریعقوب خان ناصرنے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے دورحکومت میں توانائی منصوبوں کیلئے مختلف ممالک سے معاہدے کرکے منصوبوں کی برق رفتاری اورشفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے کثیرسرمایہ اور و سائل بچاکر ایک شاندار مثال قائم کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے چین اورایران سے کئے گئے معاہدے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دورکرنے کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اوراس ضمن میں حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلیٰ معیارمتعارف کراکے نئے رجحان کوفروغ دیاہے ۔