خبرنامہ بلوچستان

نوجوانوں کے ہاتھ میں بندوق نہیں قلم ہونا چاہیے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ملت +آئی این پی )وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ایک پرامن، پڑھا لکھا اور ترقیافتہ بلوچستان ہماری منزل ہے جس کے حصول کے لئے سب کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی بالخصوص اساتذہ کرام کو علم ودانش کے فروغ کے ذریعہ نوجوان نسل کی کردار وذہن اور شخصیت سازی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم اپنے نوجوانوں کے ہاتھ میں بندوق کی بجائے قلم دیکھنا چاہتے ہیں۔ماضی میں نوجوانوں کو مختلف نعروں کے ذریعے ورغلایا گیا۔ ماضی کی حکومتوں کی شعبہ تعلیم سے عدم دلچسپی ناقص پالیسیوں اور اساتذہ کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کے باعث بلوچستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور ہم تعلیمی پسماندگی ، جہالت اور تاریکی کا شکار ہوئے۔وہ ہفتہ کو ٹیچر ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار کے مہمان خصوصی چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ٹیچر ڈے کے موقع پر اساتذہ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات کو خوش آئند قرارد یا کہ سیمینار میں اساتذہ،طلباء اور والدین ایک ساتھ موجود ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات 2013ء قبل کے حالات سے قطعی طور پر مختلف ہیں۔ حکومتی کوششوں سے امن بحال ہوا ہے۔ اب معاشرے کا ہرفرد بالخصوص اساتذہ کرام تحفظ محسوس کرتے ہیں۔ لہٰذا اساتذہ کرام اپنی تمامتر توجہ تعلیم دینے کی جانب مرکوز رکھیں حکومت ان کی جان ومال کا تحفظ کرے گی۔ ا