خبرنامہ بلوچستان

نیشنل پارٹی دفتر پر حملہ قابل مذمت ہے: میر رحمت

کوئٹہ: (ملت+اے پی پی) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے نیشنل پارٹی تربت کے دفتر پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کے کارکن ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے نیشنل پارٹی ایک امن پسند اور جمہوری جماعت ہے اور ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتی ہے ۔یہ بات انہوں نے منگل کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے پرامن سیاسی پروگرام سے خوفزدہ ہوکر دہشت گرد سیاسی کارکنوں پر حملہ کر رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین بلوچستان کی خاطر نیشنل پارٹی کے قائدین اور کارکن کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے نیشنل پارٹی ایک ترقی یافتہ بلوچستان اورپرامن صوبے کی خواہاں ہے نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے دل سے خوف نکال دیا ہے جس دن مولا بخش ، نسیم جنگیان سمیت سینکڑوں کارکنوں کوشہید کیا گیا ہم کسی صورت بھی اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہوئے نہ ہونگے ۔ایک سوال کے جواب میں میر رحمت صالح بلوچ نے بتایا کہ تربت میں نیشنل پارٹی کے دفتر پربم حملے میں پارٹی کے 7کارکن زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جنہیں کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ا نہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی امن پسند اور جمہوری جماعت ہے اور ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتی ہے پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر چند شکست خوردہ عناصر پارٹی کے کارکنوں اور رہنماوں کو نشانہ بنارہے ہیں جس سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے۔میررحمت صالح بلوچ نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے پارٹی کارکنوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔