خبرنامہ بلوچستان

وزیراعظم کا استعفیٰ مانگنا غیرآئینی اقدام ہے:،میرعطاء اللہ

کوئٹہ:(اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے نائب صدر میر عطاء اللہ محمد زئی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے الزامات کو بنیاد بناکر وزیراعظم کا استعفیٰ مانگنا غیرآئینی اقدام ہے جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ہی ملک وقوم کے مفادات وابستہ ہیں ،یہ بات انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔میر عطاء اللہ محمد زئی نے کہا کہ ملک میں توانائی کے منصوبے اورپاک چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے ایسے وقت میں الزامات کی سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ مناسب نہیں،انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی سازش ہے، مخالفین کی تمام تر سازشوں ،الزامات اور جھوٹے پروپیگنڈوں کے باجود پنجاب خیبر پشتونخوا کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)نے کامیابیاں حاصل کی ہے جبکہ الزامات کی سیاست کرنے والے کو بھی عوام 2018کے عام انتخابات میں مستردکردینگے اور پاکستان مسلم لیگ(ن)اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے رجوع کریگی۔