خبرنامہ بلوچستان

وزیراعظم کی جانب سے پانامہ لیکس سے متعلق کمیشن کا قیام خوش آئند ہے:مرزا شمشاد

کوئٹہ :(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے رہنماء مرزا شمشاد نے پانامہ لیکس سے متعلق کمیشن کے قیام کوخوش آئند عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن جمہوریت کے استحکام اور شفاف احتساب کے لیے ناگزیر ہے ،جمہوریت کی استحکام اور آئین کی بالادستی اور عوام کے فلاح کیلئے ضروری ہے کہ احتساب کے عمل کو نافذ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔مرزا شمشاد نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق اپنا اعلان کرکے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ گھبرانے والے نہیں ہیں ،وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں ملک میں مستحکم جمہوریت کا قیام ممکن ہورہا ہے اور ایسے حالات میں ملک الزامات کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی منتخب وزیراعظم نے اپنے اور خاندان کو احتساب کے لیے پیش کر دیا ہے جو جمہوری طرز عمل کی ایک عمدہ مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا پانامہ لیکس کے معاملے میں اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرنا ان کی جمہوری سوچ کا عکاس ہے۔