خبرنامہ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان عوامی خواہشات کا آئینہ داربجٹ پیش کیا: کاکڑ

کوئٹہ : (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر ملک ظاہر خا ن کاکڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو عوام دوست متوازن اور تاریخی بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ مالی سال کے دوران حاصل ہونے والے محاصل اور اخراجات کا تخمینہ ہونے کے ساتھ حکومت کی ترجیحات کا عکاس بھی ہوتا ہے یہ بات انہوں نے پیرکو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملک ظاہر خان کاکڑ نے کہا کہ نواب ثناء اللہ خان زہری نے متوازن اور عوامی خواہشات کا آئینہ دار بجٹ پیش کیا ہے جس میں تعلیم کیلئے 28 ارب 93کروڑ 22لاکھ روپے ، صحت کیلئے 17 ارب 36کروڑ 77 لاکھ روپے ، امن و امان کیلئے 30ارب 25کروڑ روپے اور زراعت کیلئے 7ارب 40کروڑ روپے مختص کیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ذہین و ہونہار طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کیلئے 50کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 2016-17 کے بجٹ میں صحافیوں کی فلاح و بہبود فنڈ 3کروڑ روپے سے بڑھاکر 20 کروڑ روپے و پریس کلب کوئٹہ کی سالانہ گرانٹ کو 20 لاکھ سے ایک کروڑ روپے کردیا گیاہے۔ ایک سوال کے جواب میں ملک ظاہر خان کاکڑ نے بتایا کہ پڑھا لکھا پرامن اور خوشحال بلوچستان وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا ویژن ہے جس کی تکمیل کیلئے بجٹ میں تعلیم کے شعبے میں 28ارب 93کروڑ 22لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔