خبرنامہ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کی جرنلسٹ پینل کی کامیابی پر پینل سے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

کوئٹہ (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ پریس کلب کے انتخابات میں جرنلسٹ پینل کی کامیابی پر پینل سے نومنتخب صدر رضاء الرحمان، جنرل سیکریٹری عبدالخالق رند اور دیگر عہدیداراوں کو مبارکباد دی ہے، اپنے ایک تہنتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہے کہ کوئٹہ پریس کلب کے انتخابات کا انعقاد جمہوری روایات کے مطابق صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقے سے ہوئے جن میں پریس کلب کے اراکین نے آزادنہ طور پر اپنے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنی قیادت کا انتخاب کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پریس کلب جیسے ادارے اور صحافی برادری جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام میں اہم کردار کے حامل ہیں، پریس کلب سے پارلیمان تک جمہوری روایات کا فروغ ملک ، صوبے اور قوم کے لیے نیک شگون ہے اور خاص طور پر کوئٹہ پریس کلب کے اراکین کو جمہوری روایات کی سربلندی کے لیے موثر کردار ادا کرنے پر وہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں عامل صحافیوں اور حکومت کے مابین گرم جوش اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں ، مووجوہ حکومت ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے ان تعلقات کو نہایت اہمیت دیتی ہے اور انہیں مزید مستحکم کرنے پر پختہ یقین رکھتی ہے، عامل صحافیوں کی فلاح و بہبود ان کے مسائل کا حل اور ان کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے کئے جانے والے عملی اقدامات کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت پریس کلب کی نو منتخب قیادت کے ساتھ ملکر صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کریگی، وزیراعلیٰ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیدار صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی بھرپور صلاحتیں برؤے کار لائیں گے، جس کے لیے انہیں صوبائی حکومت کا مکمل تعاون حاصل رہے گا، وزیراعلیٰ نے نو منتخب صدر رضاء الرحمان اور دیگر عہدیداروں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔