خبرنامہ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صفائی کا آغاز کر دیاگیا

وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صفائی کا آغاز کر دیاگیا

کوئٹہ(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے شہر کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کر کے صفائی کا آغاز کر دیا ہے۔نالوں و سڑکوں کی صفائی کے علاوہ گندگی کے ڈھیر وغیرہ ٹھکانے لگانے کے لیے بھی مشینری و عملہ متحرک ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد عمران زرکون کی جانب سے صفائی کا آغاز کیا گیاہے، میونسپل کارپوریشن کے ڈائریکٹر ملک اقبال کاسی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیف اللہ خان کی نگرانی میں کیو ڈی اے کی رہائشی ، تجارتی اسکیمیں چلتن ہاؤسنگ اسکیم، چمن ہاؤسنگ اسکیم، سمنگلی ہاؤسنگ اسکیم، پرانی سبزی منڈی سرکی روڈ، پرانا بس اور ٹرک اڈہ ، جبل نور پک اینڈ ڈراپ پوائنٹ پر صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
شہر کے مختلف مرکزی شاہراہوں پر پولیس اہلکاروں کی موبائل گشت میں اضافہ
کوئٹہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حلیم اچکزئی نے کہاہے کہ شہر میں امن امان کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے ،پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کا پابند بنا کر شہر کے مختلف مین شاہراہوں پر موبائل گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ امن دشمن اور جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کیلئے پولیس کے جوانوں کو جد ید سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کی خصوصی ہدایت پر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے اور چیکنگ کا عمل بھی سخت کردیا گیا ہے۔ قانون شکن عناصر پولیس کی گرفت سے بچ نہیں سکتے عوام اور پولیس کے درمیان اچھے تعلق ہیں عوام کے تعاون ہی سے جرائم پر قابو پایا گیا ہے۔