خبرنامہ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کی یوم پاکستان جوش و جذبہ سے منانے پر عوام کو مبارکباددی

کوئٹہ (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نوا ب ثناء اللہ خان زہری نے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم پاکستان جوش و جذبہ اور شایاں شان طریقے سے منانے پر بلوچستان کے غیور و محب وطن عوام کو مبارکباد دی ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں قومی پرچم کشائی کی تقاریب کا اہتمام اور کونے کونے میں ریلیوں کے انعقاد میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ اہل بلوچستان سچے پاکستانی ہیں اور انہیں اپنے وطن کے خلاف کسی بھی سازش میں شامل کرنے کے لیے کوئی ورغلاء نہیں سکتا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم پاکستان پرعوامی جوش وجذبہ ان ملک دشمن عناصر کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے جو آزادی کے نام و نہاد نعرے بلند کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا اور عوام کو ورغلانا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور عوام ملک اور صوبے کے خلاف کی جانے والی ہر سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یکجا ہیں اور انہیں ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، بلوچستان پاکستان کا مضبوط حصہ ہے اور رہے گا اور درحقیقت بلوچستان ہی پاکستان ہے۔