خبرنامہ بلوچستان

پاک چائنہ اقتصادی راہداری: واحد جامع معاشہ منصوبہ ہے: عبدالواحد

کوئٹہ(ملت + آئی این پی )ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالواحد کاکڑ نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری (سی پی ای سی)ملکی سطح پر وہ واحد جامع معاشی منصوبہ ہے جس کے بہتر اثرات نہ صرف ضلع کوئٹہ بلکہ پورے ملک میں ترقی کی نئی شاہراہیں کھلیں گی۔ لہٰذا اس ضمن میں ہمیں ضلع کوئٹہ سے متعلقہ تمام امور پر ترجیحی بنیادون پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز سی پیک ضلع کوئٹہ روٹ پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے شرکاء میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر یاسر خان بازئی، تحصیلدار کچلاک محمد جان جمالدینی، این ایچ اے کے نمائندے طاہر نصیر سمیت متعلقہ شعبوں کے نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے ہیڈ آفس سے حتمی روٹ الائنمنٹ کی فراہمی کے لئے انتظار نہ کیا جائے بلکہ دستیاب روٹ الائٹمنٹکے مطابق ہفتے کے اندر رپورٹ مکمل کی جائے تاکہ کام کا تسلسل برقرار رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کی جانب سے فائنل رپورٹ ملنے پر الائنمنٹ پر مزید کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس ضمن میں شرکاء کو تنبیہ کی کہ سی پیک پر کام کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ اسٹاف سمیت ہرقسم کی ضروریات اور مسائل کو فوری طور پر حل کئے جائیں گے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عبدالواحد کاکڑ کی زیرصدارت ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں رمزے روڈ سے بس اڈے کی منتقلی کے ہوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈاکٹر یاسر خان بازئی، سیکریٹری آر ٹی اے امان پانیزئی، ایس ایس پی پولیس آپریشنز محمد اقبال، ایس پی ٹریفک نذیراحمد، بس یونین کے صدر بابو شفیع لہڑی، جنرل سیکریٹری شیراحمد بلوچ، مامااسماعیل لہڑی ودیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق رمزے روڈ سے شہر میں کسی دوسرے موزوں جگہ منتقلی کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے اس ضمن میں ٹرانسپورٹ یونین کے عہدہ داروں کو کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ امن وامان، ٹریفک مسائل پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے بس اڈے کی منتقلی کے حوالے سے شرکاء کو بتایا کہ اس ضمن میں کافی سوچ وبچار کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہر کے اندر مین بازار سے قریب سلیم میڈیکل کمپلیکس کے قریب جگہ کا تعین کیا ہے جو موجودہ رمزے روٹ سے بمشکل پیدل پانچ منٹ کے فاصلے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیم میڈیکل کمپلیکس سے شہر کے مین بازاروں تک شہر کے مختلف علاقوں سے آنے جانے والوں کو زیادہ دشواری بھی نہیں ہوگی۔