خبرنامہ بلوچستان

پاک چین اقتصادی راہداری سے ترقی وخوشحالی ہوگی: اچکزئی

کوئٹہ :(اے پی پی) ۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے جنوبی وسطی ایشیاء معاشی وتجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اور سی پیک کو افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیاء تک وسعت دینا نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطے کی ترقی وخوشحالی کے لئے مفید ثابت ہوگا۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات میں مزید وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر محمد خان اچکزئی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان دونوں برادر اور ہمسایہ ممالک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک اور تعاون کے نتیجے میں مشترکہ خوشحال مستقبل یقینی بنایا جاسکتا ہے پاکستان اور افغانستان میں قیام امن ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر افغان سفیرڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہا کہ سردست ایک لاکھ پاکستانی شہری افغانستان میں کام کررہے ہیں اس لئے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیاء تک توسیع دینے کی صورت میں اس کی افادیت دگنا ہوجائے گی۔ پاکستانی مصنوعات کے لئے وسط ایشیاء خاص کر افغانستان ایک منافع بخش مارکیٹ ثابت ہوسکتا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر منفی سرگرمیوں خصوصاً دہشت گردی پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔