خبرنامہ بلوچستان

پاک چین اقتصادی راہداری کا سب سےزیادہ استفادہ بلوچستان حاصل کریگا:خلیل جارج

کوئٹہ : (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی اورپارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی خلیل جارج نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا سب سے زیادہ استفادہ بلوچستان حاصل کریگا جبکہ اکنامک زونز کے قیام اور گوادر فری پورٹ کو ٹیکسوں سے چھوٹ دینے جیسے اقدامات سے گوادر میں معاشی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا اس لیے ناگزیر ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں شروع کئے گئے ترقی وخوشحالی کے دیگر منصوبوں پر غیر ضروری بیانات اور تنقید کرنے کی بجائے اس وقت پاکستان کی تعمیر وترقی کے لیے متحد ہوکر پوری قوم کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادار کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،خلیل جارج نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری انتہائی اہمیت کا حامل عظیم منصوبہ ہے جس سے بلوچستان سمیت پورے ملک عوام و تاجر برادری مستفید ہونگے۔ حکومت سی پیک میں شامل توانائی اور بجلی سمیت دیگر منصوبوں کواپنے مقررہ وقت میں پایہ تکمیل پہنچانے کے لئے پر عزم ہے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان آنے والے دور میں ملکی معشیت میں اہم کردار ادا کریگاجبکہ بلوچستان حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری کے ثمرات سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کے لیے اور صوبے میں پرائیوٹ سیکٹر انویسمنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے بلوچستان بورڈ آف انویسمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔