خبرنامہ بلوچستان

پہاڑوں اور دیار غیر جانے والے لوگوں کو قومی دہارے میں ہر وقت ویلکم کیا جائے گا

کوئٹہ (ملت + آئی این پی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پہاڑوں اور دیار غیر کو جانے والے لوگوں کو قومی دہارے میں شامل ہونے کے لئے ہر وقت ویلکم کیا جائے گا ، پاکستان قائم ہے اور تاابد رہے گا ، ہتھیار ڈالنے والے لوگ اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں ان کی حفاظت ، روزگار اور بچوں کی تعلیم ریاستی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے ، پاکستان اور بلوچستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے ، اقتصادی راہداری سے نہ صرف گوادر سے شیرانی تک صوبے کے تمام اضلاع کو فائدہ ہوگا بلکہ ملک بھر میں اس کے ذریعے معاشی انقلاب آئے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں افغانستان اور صوبے کے مختلف علاقوں سے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں اور دیگر سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہاکہ ملک اور صوبہ میں ایک دہائی سے کچھ تنظیموں نے لڑائی شروع کر رکھی ہے جس کے ابھی بھی کچھ جھلک نظر آتے ہیں تاہم قومی لیڈر شپ ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ، طلباء ، بچوں اور پاکستان کے وفاداری کا حلف لینے والے انہیں کسی بھی صورت مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، سینکڑوں فراریوں کا قومی دہارے میں شامل ہونا باعث مسرت ہے، کہتے ہیں کہ صبح کا بھولا شام کو واپس آئے تو اسے بھولا نہیں کہتے ، ہتھیار ڈالنے والے ہمارے بھائی ہیں ہم میں اور ان میں کوئی فرق نہیں میں کہتا ہوں کہ یہ لوگ سرنڈر نہیں ہوئے بلکہ غلط ر استے سے صحیح راستے پر واپس ہوئے ہیں جنہیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور فورسز کی جانب سے قومی دہارے میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد کہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑوں اور افغانستان سے واپس آنے والوں کی حفاظت کی ذمہ داری فورسز پر ہے جبکہ ان کے بچوں کی تعلیم اور روزگار حکومت کا فرض ہے میری قومی دہارے میں شامل ہونے والے تمام افراد سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں ان کے بچوں کا بہتر مستقبل ملک اور صوبے کی بہتر مستقبل کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد اور دیگر کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بھائیوں کا بچوں کی تعلیم اور دیگر میں ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین کہ پاکستان اور بلوچستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے ۔ اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے گوادر سے لے کر شیرانی تک تمام اضلاع اور ملک بھر کی عوام کو بھر پور فائدہ ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک اور پہاڑوں پر جانے والے بہکے ہوئے لوگ قومی دہارے میں آنا چاہے تو انہیں عزت ، محبت اور پیار سے گلے لگائیں گے ۔ پاکستان کا دل بہت بڑا ہے جو بھی شخص قومی دہارے میں شامل ہونا چاہتا ہے اسے بھر پور انداز سے ویلکم کیا جائے گا ۔ پاکستان ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ یہ ایک نظریاتی ریاست کا نام ہے جو اسلامی فلاحی ریاست ضرور بنے گا اور ہم سب کو اس میں حصہ ڈالنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ اس کی دفاع ، حفاظت ، ترقی کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ملک کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کے لئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جب ایسا ہوگا تو نہ صرف ہر طرف انصاف کا دور دورا ہوگا بلکہ تمام افراد کوصحت ،تعلیم ،روزگار سمیت دیگر ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے اور میرٹ و انصاف کا نفاذ بھی ممکن ہوگا اس سے پیچھے رہ جانے والے دوسروں کے برابر آسکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پہاڑوں پر جانے والوں کو ہم ہر وقت ویلکم کرنے کو تیار ہیں ۔ پاکستان دشمن عناصر کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان قائم و دائم ہے اور جب تک کائنات قائم و دائم رہے گا یہ ملک اسی طرح برقرار رہیگا تاہم اس کی تعمیر و ترقی میں ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا ہے جس سے پاکستان اور ہم سب سرخرو ہوں گے ۔