خبرنامہ بلوچستان

چرچ حملہ: سی سی ٹی وی فوٹیج نے حقیقت آشکار کردی

چرچ حملہ: سی سی ٹی وی فوٹیج نے حقیقت آشکار کردی
کوئٹہ:(ملت آن لائن) حساس شہر میں فول پروف سکیورٹی کے دعوے کہاں گئے؟ چرچ کی سکیورٹی کے لئے صرف 2 اہلکار تھے، نجی گارڈز کہاں تھے؟ مورچہ بند اہلکار نے فوری کارروائی کیوں نہ کی؟ دہشتگرد عبادت گاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں ڈیڑھ منٹ تک دیوار کے ساتھ مصروف شاہراہ پر منڈلاتے رہے۔ نفری کیوں نہ پہنچی؟ پولیس کی ناکامی پر کئی سوال اٹھ گئے۔ کوئٹہ میں چرچ کی ناقص سکیورٹی اور دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے نہایت کم تعداد میں اہلکاروں کی موجودگی آشکار کرتی ہوئی سی سی ٹی وی فوٹیج نے کئی سوالات کو جنم دے دیا۔کرسمس کے حوالے سے اہم مذہبی تقریب کے موقع پر سکیورٹی کیلئے صرف 2 پولیس اہلکار کیوں تعینات کئے گئے؟ مورچہ بند اہلکار نے دہشتگردوں کو دیکھ کر فوری کارروائی کیوں نہ کی؟ وہ کس انتظار میں رہا؟ کیا پولیس اہلکاروں کے پاس اسلحے کی کمی تھی؟دہشتگرد ڈیڑھ منٹ بعد اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔ اس سے پہلے وہ مرکزی شاہراہ کے ساتھ منڈلاتے رہے، دیوار پر مورچہ بند پولیس اہلکاروں نے انہیں نشانہ کیوں نہ بنایا؟ مورچہ بند اہلکار نے دیوار سے فائرنگ کرنے کی بجائے چرچ کے اندر چھلانگ لگائی، وجہ کیا تھی؟ بوکھلاہٹ یا کچھ اور؟ اہلکار بندوق مورچے میں کیوں بھول آیا؟ خودکش حملہ آور نے ہال کے گیٹ پر آ کر دھماکہ کیا، اسے گیٹ پر ہی انگیج کیوں نہ کیا گیا؟سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چرچ کے نجی گارڈز گیٹ پر موجود ہی نہیں تھے۔ سوال یہ ہے کہ حملے کے وقت نجی گارڈز کہاں تھے؟