خبرنامہ بلوچستان

چمن، پاک افغان سرحد کے قریب افیون کی فصل کوتلف کرنے آپریشن تیسرے دن بھی جاری رہا

چمن:(اے پی پی) تحصیلدار گلستان وسیم خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ گلستان میں پاک افغان سرحد کے قریب فرنٹیئرکور کی نگرانی میں افیون کی فصل کو تلف کرنے کاآپریشن جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دودن قبل چمن کے علاقے گلستان میں پاک افغان سرحد کے قریب افیون کی فصل کوتلف کرنے کا آپریشن آج تیسرے دن بھی جاری ہے جس میں اب تک بیس سے زائد ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی پوست کی فصل کو تلف کیا جاچکا ہے اور اس آپریشن میں ایف سی اور اے این ایف کے ساتھ سول انتظامیہ بھی شریک ہیں ،تحصیلدار گلستان وسیم خان جوگیزئی نے کہا کہ پوست کی فصل کو ٹریکٹروں کی مدد سے تلف کیا جارہا ہے ،جہاں ٹریکٹرنہیں جاسکتے ہیں وہاں ہمارے اہلکار جاکر ڈنڈوں سے افیون کی فصل کو تلف کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آپریشن کو جلد سے جلد مکمل کیا جاسکے اور آپریشن مکمل کرنے میں چار سے پانچ روز لگ سکتے ہیں ۔ پوست کی فصل کو تلف کرنے میں ایف سی کی جانب سے کرنل حلیم اور اے این ایف کی جانب سے کرنل مدثر آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لئے علاقے میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔