خبرنامہ بلوچستان

چمن‘ پاک افغان سرحد باب دوستی کو ایک مرتبہ پھر سیل کردیا گیا

کوئٹہ 228 چمن (ملت + آئی این پی) پاک افغان سرحد باب دوستی کو ایک مرتبہ پھر سیل کردیا گیا ، گز شتہ روز پاسپورٹ اور دستاویزات رکھنے والے افراد کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا لیکن کاروبار سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہی ، گزشتہ روز پاکستان سے ایک سو 12 افغانی ، 5 کینیڈین اور ایک جرمن پاسپورٹ کے ذریعے افغانستان چلے گئے جبکہ11پاکستان اور 6 افغانی پاکستان میں بذریعہ پاسپورٹ داخل ہوئے ۔ذرائع کے مطابق بارڈر کھلنے کے دوسرے روز 3 ہزار کے لگ بھگ لوگ مختلف دستاویزات کے ذریعے آمدورفت کی تاہم ایک مرتبہ پھر دو دن باب دوستی کھلنے کے بعد غیر معینہ مدت تک کے لئے سیل کردیا گیا ہے ۔ یاد رہے پاک افغان باب دوستی گیٹ کو پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد سیل کردیا گیا تھا تاہم گزشتہ دنوں حکومت پاکستان کی جانب سے دو دن کے لئے بارڈر کھولنے کا اعلان کیا گیاجس کے باعث منگل اور بدھ کو دو دن کے لئے سرحد کو کھول دیا گیا تھا ۔