خبرنامہ بلوچستان

چین کا اعلیٰ سطحی وفد چن ڈرونگ کی قیادت میں گوادر پہنچ گیا

کوئٹہ:( اے پی پی) چین کا ایک اعلیٰ سطحی وفد چن ڈرونگ کی قیادت میں گوادر کے دورے پر پہنچ گیا ہے، دس رکنی وفد نے گوادر پورٹ، ایکسپریس وے گوادر فری زون، پاک چائنا فرینڈ شپ پرائمری سکول فقیر کالونی گوادر اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چےئرمین دوستین جمالدینی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داؤد بڑیچ نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی تکمیل اور گوادر پورٹ کے فعال ہونے سے پاکستان سمیت پورے خطے میں مثبت اقتصادی تبدیلی رونما ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے اشتراک سے گوادر میں بہت جلد میگا منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوگا جن میں ایکسپریس وے کی تعمیر سمیت گوادر انٹر نیشنل ائر پورٹ کی تعمیر پر بھی کام رواں سال شروع کردیا جائے گا۔ جو اپنی نوعیت کا جدید ترین ائرپورٹ ہوگا۔ پاک چین تعلقات سے گوادر سمیت پورے پاکستان میں معاشی، معاشرتی اور اقتصادی انقلاب برپا ہوگا۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی سمندر سے گہری ا ور شہد سے میٹھی ہے دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیکر پورے خطے میں اعلیٰ مثال قائم کی ہے جسے پاکستانی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اس موقع پر وفد کو گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سجاد حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ترقیات گوادر میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کررہا ہے جن میں سے بہت سے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جن میں جی ڈی اے ہسپتال ، جی ڈی سکول اور دیگر منصوبے شامل ہیں ۔ گوادر ماسٹر پلان سے متعلق بھی وفود کو تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔