خبرنامہ بلوچستان

چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، سرفرازبگٹی

چیک پوسٹ پر بھتہ خوری

چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، سرفرازبگٹی

کوئٹہ:(ملت آن لائن) وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے سے باہر کسی قسم کی اسمگلنگ نہیں ہونے دینگے، اور نہ ہی چیک پوسٹ پر کسی قسم کی بھتہ خوری کی اجازت ہوگی۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بلوچستان کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان کابینہ نے آج کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے ہیں، صوبائی کابینہ نے میر چاکر خان یونیورسٹی سبی کا بل بھی منظورکر لیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحبت پور ضلع بحال اور لہڑی کو ضلع سبی میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور معذور افراد کے لیے خصوصی کارڈ بنائے جائیں گے جن پر انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ صوبے سے باہر کسی قسم کی اسمگلنگ نہ ہو، سرحدی علاقوں میں دونوں طرف تجارت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس، لیویزاور سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے، ہم شہداء کو کبھی نہیں بھولے ان ہی کی قربانیاں ہیں کہ آج ہم امن سے رہتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسٹم کے اختیارات سے پولیس اور لیویز کو نکالا جا رہا ہے، ایف سی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کریں گے، سول ڈیفنس کو ضلعی سطح پر فعال کریں گے۔