خبرنامہ بلوچستان

ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس کا ریجنل ڈائریکٹوریٹ اے این ایف بلوچستان کا دورہ

کوئٹہ۔ (ملت آن لائن)ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) نے ریجنل ڈائریکٹوریٹ اے این ایف بلوچستان کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر فورس کمانڈر اے این ایف بلوچستان بریگیڈیئر عاقب نذیر چوہدری اوردیگر اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔ فورس کمانڈر بلوچستان نے ڈی جی اے این ایف کو اے این ایف بلوچستان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، جس میں اے این ایف کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی جانے والی کاوشیں، موجودہ صورتحال، اے این ایف کی پیشہ ورانہ کامیابیاں، درپیش مسائل اور منشیات، نشہ آور ادویات اورممنوعہ کیمیائی موادکی اسمگلنگ سے متعلق امور شامل تھے۔ بریفنگ کے دوران فورس کمانڈر بلوچستان نے بتایا کہ سال 2018کے دوران اے این ایف نے سابقہ کارکردگی کے ریکارڈ پر سبقت حاصل کی ہے۔ ڈی جی اے این ایف نے فورس کمانڈر ریجنل ڈائریکٹوریٹ اے این ایف بلوچستان کے ہمراہ اے این ایف پولیس سٹیشن دالبدین، گردی جنگل، برابچہ اور افغانستان بارڈر کا دورہ کیا۔ فورس کمانڈر بلوچستان نے ڈی جی اے این ایف کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین 2600 کلو میٹردشوار گزار سرحد کی وجہ سے ملک منشیات کی اسمگلنگ اوراس کے استعمال کا شکار ہے۔ تاہم پاکستان نے درپیش مسائل اور محدودوسائل کے باوجود منشیات کی رسد اور طلب کے خاتمے کیلئے موثر نظام ترتیب دیا ہے اورمنشیات کی اسمگلنگ کے خلاف گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ڈی جی اے این ایف کو محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات کے بارے میں بتایا گیا جس میں افرادی قوت میں اضافہ ، تنظیمی ڈھانچے میں بہتری، قانون سازی و دیگر شامل ہے۔ انہوں نے اے این ایف بلوچستان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اورقومی و علاقائی و عالمی سطح پر منشیات کی روک تھام کے لئے اے این ایف بلوچستان کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ ڈی جی اے این ایف نے منشیات کے خلاف موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنے کیلئے فورس کمانڈر اے این ایف بلوچستان کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔