خبرنامہ بلوچستان

ڈسٹرکٹ کونسل اجلاس ،2کروڑ 68لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ہرنائی:(اے پی پی)ضلع ہرنائی کونسل ہرنائی کا اجلاس زیر صدرات وائس چیئرمین پستہ خان پانیزئی منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کونسل کے چیئرمین شاہ جہان پٹھان نے ترقیاتی اسکیمات پیش کی جسے ضلع کونسل کے ممبران نے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری آفیسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اپوزیشن ممبران نے اپنے تحفظات پیش کئے جبکہ چیئرمین کی جانب سے مثبت جواب دینے اور برابری کی بنیاد پر ترقیاتی اسکیمات کی تقسیم پر اپوزیشن ممبران کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے تمام ممبران کے لئے ترقیاتی اسکیمات جن کی لاگت2کروڑ 68لاکھ روپے بنتی ہے متفقہ طورپر منظور کر لی۔ اجلاس کی کارروائی کو وائس چیئرمین پستہ خان پانیزئی نے انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ آخری مرحلے تک چلایا۔ وائس چیئرمین نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے لیکن ہمیں ضلع ہرنائی کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے سیاست سے بلاتر ہوکر ملکر جدوجہد کرنا ہوگی کیونکہ ضلع ہرنائی گوناگوں مسائل سے دوچار ہے اور ہم سب ملکر ضلع کو درپیش مسائل کا خاتمہ کرسکتے ہیں کیونکہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور حالیہ فنڈ کو تمام ممبران پر برابر تقسیم کرنے پر یقین رکتھے ہیں ۔اپوزیشن ممبران کو چائیے کہ علاقے کے مسائل حل کرنے میں ہر جائز مسلئے پر ہمارا ساتھ دیں۔چیئرمین ضلع کونسل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ہرنائی کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع کونسل کے تمام ممبران ہمارے لئے قابل احترام ہے اور ضلع کونسل کے تمام ممبران کی مشاورت سے ہی ضلع کے تمام ممبران کو برابری کی بنیاد پر ترقیاتی اسکیمات کیلئے فنڈز تقسیم کیا گیا ہے ۔