خبرنامہ بلوچستان

ڈیرہ بگٹی؛ بارودی سرنگ دھما کہ دوبچےجاں بحق، تین زخمی

جعفرآباد (آئی این پی )ڈیرہ بگٹی اور صحبت پور میں بارودی سرنگ کے دودھما کوں کے نتیجے میں نجی تنظیم امن فورسز کے اہلکار سمیت دو بچے بھی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین اہلکار بھی شدید زخمی ہوگئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ملزمان کی تلاش کے لیئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے (بی لوٹی) میں امن فورسز کے اہلکار فراریوں کی تلاش میں گشت کررہے تھے کہ تخریب کاروں کی زیر زمین چھپائی گئی بارودی سرنگ پہ ایک اہلکار کا پاؤں چڑھنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس سے امن فورسز کا ایک اہلکار جمال شمبانی جاں بحق جبکہ میر جان جمل اور امین شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق فراریوں نے امن فورسز کے قافلے پر چند روز قبل حملہ کردیا تھا جس میں امن فورسز کا ایک اہلکار زخمی جبکہ ایک کو اغواء کرکے لے گئے تھے۔ امن فورسز کی ٹیم اپنے ساتھیوں کو تلاش کررہی تھی کہ یہ افسوسناک واقع پیش آیا۔دریں اثنا صحبت پور کے علاقے گوٹھ عید محمد بگٹی تھانہ ملگزار کی حد میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو کم سن بچے جاں بحق ہوگئے اطلاعات کے مطابق اعجاز،عائشہ جو دونوں آپس میں قریبی عزیز بتائے جارہے ہیں جنکی عمریں پانچ چھ سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں اپنے علاقے سے نزدیکی گوٹھ میں اپنے عزیز و اقارب سے ملنے جارہے تھے کہ کچی پگڈنڈی پر چھپائی گئی بارودی سرنگ پہ ایک بچے کا پاؤں پڑنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس سے دونوں بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے کی آواز سن کر گاؤں مکین بچوں کے ورثہ اور تھانہ ملگزار کی پولیس جائے وقوعہ پہ پہنچ گئی۔ بچوں کی نعشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم تخریب کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی