خبرنامہ بلوچستان

ژوب، مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق تین زخمی

ژوب: (اے پی پی) ژوب میں مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق تین زخمی ہو گئے۔ لیویز نے آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ژوب کے علاقے میں پرانی دشمنی کی بنا پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر نذر خان مندوخیل کے گھر پر حملہ کیا ۔اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص تاج الدین سلیمانخیل جاں بحق جبکہ تین افراد ولی خان میرا گل اقوام مندوخیل اور رمضان سلیمان خیل زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر دونوں قبیلے کے افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچی۔ تاہم ڈپٹی کمشنر محمد عظیم کاکڑ لیویز کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تصادم کو روک لیا۔دوسرے واقعے میں ذرائع کے مطابق ژوب کے علاقے احمد زئی کبزئی میں بارانی پانی پر گاؤں کے مکین آپس میں لڑ پڑے، جس میں چھری کے پے درپے وار سے ایک شخص فاضل کبزئی جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر لیویز نے کارروائی کرتے ہوئے آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔