خبرنامہ بلوچستان

کرپشن کے خلاف ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے؛ عرفان نعیم منگی

کرپشن کے خلاف ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے؛ عرفان نعیم منگی
کو ئٹہ:(ملت آن لائن) ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ کرپشن ملک و قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے، نیب کے دو ہزار لوگ بیس کروڑ آبادی میں بدعنوانی کے معاملات عوامی تعاون کے بغیر درست نہیں کر سکتے، کرپشن کے خلاف اس جدوجہد میں ہر فرد کو قومی جزبے کے طور پر نیب کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے زیر اہتمام مختصر فلم سازی کے مقابلے کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی نیب نے کہا کہ عوام میں شعوری آگاہی کے فروغ اور کرپشن کے انسداد کے لئے رائے عامہ کو مثبت انداز فکر کی ترغیب کے لئے میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں میرٹ کی حوصلہ شکنی کے باعث مثبت کردار کم ہو رہے ہیں، ہمیں اجتماعی زندگی میں بدعنوانی کی عملاً حوصلہ شکنی اور میرٹ کی حوصلہ افزائی کر کے انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہوگا صحیح افراد کو ان کا اصل مقام دے کر وطن عزیز کو بد عنوانی کے عفریت سے نجات دلانی ہوگی۔انہوں نے کرپشن کے خلاف مختصر فلم سازی پر کام کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محض پوزیشن کا حصول نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ایک جہد مسلسل کی وہ کوشش ہے جس میں وسعت لا کر کرپشن سے پاک معاشرتی سدھار کی سمت کا تعین کیا جائے گا اس عظیم مقصد کے لئے گو کہ یہ ایک چھوٹا پلیٹ فارم ہے تاہم مثبت شعوری مہم کے تعین کی اچھی کاوش ہے احتیاط علاج سے بہتر ہے اور آج کی یہ مثبت کاوشیں بد عنوانی کے ناسور میں احتیاط کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ڈی جی نیب بلوچستان نے پروگرام میں خصوصی شرکت پر معروف آرٹسٹ ایوب کھوسو ،ممتاز لکھاری نورخان محمد حسنی اور ججزکے فرائض سرانجام دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز آرٹسٹ ایوب کھوسو نے کہا کہ نیب نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا جو بیڑا اٹھایا ہے اس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بد عنوانی کے خلاف نیب کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور مثبت پیغام پر مبنی مختصر فلم سازی کے اس رجحان کو سوشل میڈیا اور نجی چینلز تک وسعت دینے سے بد عنوانی کے خلاف جاری مہم کا مزید فروغ ممکن ہے۔ مختصر دورانیے کی فلمز کے مقابلے میں ارتھ پروڈکشن کی التکاثر ، وائس اینڈ وژن کی زندہ لاش اور چیمپ پروڈکشن کی اعتبار فلم نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والی مختصرفلم کے تخلیق کاروں محمد عدیل ، فراز احمد اور سلیم سارنگزئی میں سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کئے گئے۔