خبرنامہ بلوچستان

کشمیراقوام متحدہ میں سب سے پرانا مسئلہ ہے، میر ظفراللہ جمالی

جعفرآباد: (اے پی پی) سابق وزیر اعظم پاکستان و رکن قومی اسمبلی میر ظفراللہ جمالی نے کہا ہے کہ کشمیر نازک دور سے گزر رہا ہے ،یہ اقوام متحدہ میں سب سے پرانا مسئلہ ہے جو اب تک تعطل کا شکار ہے ، برطانیہ کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا حل نکالے ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں اپنی رہائش گاہ جعفرآباد(روجھان جمالی) میں ایک سیاسی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہر لحاظ سے کشمیر کا ساتھ دیا ہے کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اس وقت کشمیر نازک دور سے گزر رہا ہے اقوام متحدہ میں سب سے پرانا مسئلہ کشمیر ہے جو اب تک پینڈنگ ہے ، برطانیہ کی زیادہ زمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں کردار ادا کرے تاکہ نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچ سکیں۔ میر ظفراللہ جمالی نے کہا کہ موجودہ حکومت ، اپوزیشن ، عدلیہ ،فوج ،میڈیا اورحکومتی ادارے مضبوط اور فعال ہیں اداروں میں حکومت اوراپوزیشن مل کر کردار ادا کریں تو تمام مسائل سنجیدگی سے حل ہوں گے ،اگر ان کا آپس میں اتفاق برقرار نہ رہا تو مسائل جوں کے توں رہیں گے ، بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حالات بنتے اور بگڑتے رہتے ہیں بلوچستان کے حالات اب کافی بہتر ہیں اوربتدریج بہتری دیکھنے میں آرہی ہے ۔