خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں’’آئی پی وی‘‘ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی

کوئٹہ:(اے پی پی)بلوچستان کے ہائی رسک تین اضلاع کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں انجیکٹیبل پولیو ویکسین (آئی پی وی) انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے ،مہم کے دوران صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں چار ماہ سے 23 ماہ تک کی عمر کے ایک لاکھ پچاس ہزار آٹھ سو بیالیس ، پشین میں 41ہزار 898جبکہ پشین میں قلعہ عبداللہ میں چھیالیس ہزار 450بچوں کو پولیو سے بچاؤ کو انجیکشن لگائے جائیں گے ،جبکہ مہم کی سیکورٹی کے لئے پولیس اور لیویز کے جوان تعینات کئے گئے ہیں اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہے ،چار اپریل سے بارہ اپریل تک جاری رہنے والی مہم کے دوران چار ماہ سے 23ماہ کے دو لاکھ 39ہزار ایک سو 99بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔یہ بات صوبائی کوآرڈینیٹر پولیو پروگرام ڈاکٹر سیف الرحمان نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ، پشین ، قلعہ عبداللہ اور چمن بلوچستان کے ایسے علاقے ہیں جہاں پولیو وائرس اب تک موثر ہے اور مزید بچے اس موذی مرض کا شکار ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی پی وی کا دوسرا مرحلہ 13اپریل سے 20اپریل تک جاری رہے گا جس کے دوران تحصیل قلعہ عبداللہ اور چمن میں 44ہزار 450بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ آئی پی وی پروگرام پولیو کی مزید روک تھام میں سود مند ثابت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیدائش کے بعد 23ماہ تک کے عمر کے بچوں میں پولیو وائرس کا شکار ہونے کا خدشہ موجود ہے جبکہ حالیہ 85فیصد تک کے پولیو کیسز اسی عمر کے بچوں میں پائے گئے ہیں جس کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت اپنے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ مل کر ایک اسپیشل انسداد پولیو مہم کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ آئی پی وی انسداد پولیو مہم کے دوران 649عارضی انسداد پولیو سینٹرزقائم کئے جائیں گے۔صوبائی کوآرڈینیٹر پولیو پروگرام ڈاکٹرسیف الرحمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے چار ماہ سے 23ماہ تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لازمی لگوائیں تاکہ اس موذی مرض کے خلاف جاری جنگ جیتی جا سکے اور بلوچستان کو پولیو فری صوبہ بنایا جا سکے ،انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں تو بچے بہت حد تک پولیو سے بچ سکتے ہیں۔