خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ:شہرمیں بارش، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

کوئٹہ: (آئی این پی) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں آج بھی ابر کرم برسے گا ۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی جبکہ گزشتہ روز کی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ ، کچلاک ، قلات ، ژوب اور لولارائی میں آج بھی بارش کا امکان ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا ، جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں بھی مطلع آبر الود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب کوئٹہ میں گزشتہ روز مون سون کی پہلی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ۔ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ سول ہسپتال اور نشیبی علاقے بھی زیر آب آ گئے ۔ بارش کے باعث مخلتف واقعات میں 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دس زخمی ہوئے تاہم آج سول ہسپتال سے پانی نکال لیا گیا ہے اور شہر میں بھی صورتحال بہتر دکھائی دے رہی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں ساٹھ ملی میٹر جبکہ ژوب اور لولارائی میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے ۔