خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ اورآوران میں فائرنگ،بچی سمیت دو افراد جاں بحق،6زخمی

کوئٹہ (آئی این پی ) کوئٹہ اور آواران میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق مسجد روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہار گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس دکان پر فائرنگ کی گئی وہ پلاسٹ کی تھیلیاں فروخت کرنے والی دکان تھی لیکن اس وقت اس پر پرچم بھی فروخت کیے جارہے تھے۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران میں لیویز فورس کے ایک اہلکار کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا،حملے کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوئے۔یاد رہے کہ آواران کے علاقے مشکے میں گذشتہ روز فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔