خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: بینک ڈکیتی، ڈاکو 8لاکھ روپے لوٹ کرفرار

کوئٹہ۔:(اے پی پی ) کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے نجی بینک میں ڈکیتی کے دوران مسلح ڈاکو 8لاکھ روپے لیکر فرار ہوگئے ، فائرنگ کے تبادلے میں بنک کا سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے نواں کلی زرغون آباد میں نجی بینک میں مسلح ڈاکوؤں داخل ہوئے اور بینک کے عملے کو گن پوائنٹ پر یر غمال بناکر 8لاکھ روپے چھین کر فرار ہورہے تھے کہ بینک سیکیورٹی پر متعین گارڈ ز نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے عبدالرحمن نامی سیکورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ عبدالخالق نامی سیکورٹی گارڈ اور راہگیر عبدالمنان بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ جاں بحق سیکورٹی گارڈ کی لاش ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کردی۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔