خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: زرغون روڈ کےقریب دھماکا ،12 افراد زخمی

کوئٹہ:(اے پی پی) زرغون روڈ پر دھماکے سے 5 پولیس اہلکاروں سمیت12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ کوئٹہ کے زرغون روڈ پر سریاب فلائی اوور کےقریب اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی، دھماکے اس قدر زوردار تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ واقعے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امدا فراہم کی جارہی ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ بارودی مواد کو پہلے سے نصب کیا گیا تھا اور دھماکا اس وقت کیا گیا جب وفاقی شریعت کورٹ کے جج جسٹس ظہور شاہوانی کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی تاہم فاضل جج دھماکے میں محفوظ رہے ہیں۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا جس میں 3 سے 4 کلو گرام بارودی مواد شامل کیا گیا تھا۔ انہون نے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات کا ازسر نو جائزہ لیا جارہا ہے اور عنقریب عوام کو تحفظ کا واضح احساس ہوگا۔ 3 روز قبل بھی سول اسپتال کوئٹہ کی ایمرجنسی میں کئے گئے خودکش دھماکے میں 73 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد سیکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا گیا تھا۔