خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: سابق مشیرخزانہ بلوچستان 14روزہ ریمانڈ پرنیب کےحوالے

کوئٹہ:(اے پی پی) احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کومزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا. میگا کرپشن کیس میں نامزد ملزم سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگوکو آج کوئٹہ کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور دوران سماعت نیب کی جانب سے عدالت ست ملزم کے مزید ریمانڈ کی درخواست کی گئی. احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ملزم کے ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق مشیر خزانہ بلوچستان ملزم میر خالد لانگو کو مزید چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا. گزشتہ روز سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور اکاﺅنٹنٹ ندیم اقبال کو نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کیااور دونوں ملزمان کی ریمانڈ کے لیے درخواست کی گئی. نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیاتھا کہ تفتیشی آفسر کراچی میں ملزم مشتاق رئیسانی کے جائیداد کی چھان بین کر رہا ہے لہذا ملزم کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے جس پر عدالت نے مشتاق رئیسانی کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیاتھا،جبکہ اکاﺅنٹنٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں بھی مزید 15 روز کی توسیع کر دی تھی. گزشتہ ماہ نیب نے محکمہ خزانہ بلوچستان کے دفتر پر چھاپہ مار کر سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتار کر کے دفتر سِیل کردیا تھا۔