خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: مشتاق رئیسانی دس روزہ ریمانڈ پرنیب کےحوالے

کوئٹہ:(اے پی پی) سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو احتساب عدالت نے مزید دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا جبکہ کیس میں نامزد ملزم سابق میونسپل کمیٹی کے اکاﺅنٹنٹ کا نیب نے مزید پندرہ روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا. کرپشن کیس کے نامزد ملزمان سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور سابق میونسپل کمیٹی خالق آباد کے اکاﺅنٹنٹ ندیم اقبال کو مزید ریمانڈ کے لیے نیب بلوچستان نےاحتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر کے سامنے پیش کیا نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی آفسر کراچی میں ملزم مشتاق رئیسانی کے جائیداد کی چھان بین کر رہا ہے لہذا ملزم کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے جس پر عدالت نے مشتاق رئیسانی کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا،جبکہ اکاﺅنٹنٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں بھی مزید 15 روز کی توسیع کر دی – رواں ماہ گیارہ جولائی کو بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور ندیم اقبال کو کوئٹہ کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا عدالت نےملزم کو کرپشن کیس میں چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا،اور سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی تھی. گزشتہ ماہ نیب نے محکمہ خزانہ بلوچستان کے دفتر پر چھاپہ مار کر سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتار کر کے دفتر سِیل کردیا تھا۔